میقات سے احرام کے بغیر گزرجانا



سوا ل:- ایک بندہ حج کے ارادہ  سے  حرمین شریفین گیا اور میقات سے جان بوجھ کر احرام نہیں باندھا اور مکہ میں جا کر ایک دم دے دیا تو کیا ایسے کرنے سے  اس کا حج ہوگیا ؟ اگر کوئی بھول کر نہیں باندھتاہے تو اس پر دم واجب ہوتاہے۔ مہربانی فرما کر جان بوجھ کر احرام نہ باندھنے سے حج کے متعلق فرمائیں۔( یونس ، کوٹ مومن ) 
 
جواب :۔میقاتسے احرام نہ باندھنا بڑے گناہ کی بات ہے، بعض فقہاء سے منقول ہے کہ ایسے شخص کا حج مقبول نہ  کہلائے گا۔اگرکوئی شخص جان بوجھ کر میقات سے حج کا احرام نہیں باندھتا تو اس پر میقات کی طرف واپس لوٹ کر احرام باندھنا واجب ہے، اگر وہ   واپس میقات لوٹ کراحرام  نہیں باندھتااور حج کرلیتاہے تو دم دینے سے حج کا فریضہ اگرچہ ساقط ہوجائے گا لیکن وہ دوہرے گناہ کا مرتکب ہوگا، ایک میقات سے بلا احرام گذرنے کا گناہ اور دوسرے میقات کی طرف واپس نہ لوٹنے کا گناہ، ایسے شخص کو دم دینے کے ساتھ توبہ واستغفار کرنابھی  ضروری ہے۔(رد المحتار، کتاب الحج، باب الجنایات: ۳/۵۰۷۔الغنیۃالناسک فی بغیۃ المناسک: ص: ۷۵-۷۶)