صف کے درمیان کرسی پر نماز پڑھنا
سوال:۔ معذور آدمی جماعت کی نماز میں صرف سجدہ نہیں کرسکتا مگر قیام اور رکوع آسانی سے کرسکتا ہے، جب وہ کرسی پر بیٹھ کر نماز اس طرح نماز پڑھتا ہے کہ قیام اور رکوع امام کے ساتھ کھڑے ہوکر ادا کرتا ہے، مگر سجدہ کرسی پر بیٹھے بیٹھے اشارے سے کرتا ہے، اب مسئلہ یہ ہے کہ جب وہ کھڑا ہوتا ہے تو صف سے آگے ہوتا ہے، جس کی وجہ سے صف بندی نہیں ہوتی، وہ کوشش کرتا ہے کہ صف کے بالکل آخر میں یا دائیں یا بائیں بیٹھے، مگر کبھی کبھی دیر ہوجاتی ہے، اب وہ صف کے درمیان میں مندرجہ بلا طریقہ سے ادا کرتا ہے تو لوگ اور امام اعتراض کرتے ہیں کہ صف بندی خراب ہوتی ہے، ایسی صورت میں کیا کرے، اگر صف بندی اس وجہ سے خراب ہو تو کوئی گناہ تو نہیں ہوگا؟ (محمد رحیم خان کراچی)
جواب: عذر کی وجہ سے کرسی پر بیٹھ کر جماعت کے ساتھ نماز پڑھنے میں صورت میں کرسی کا پچھلا پایا صف کی لکیر پر رکھیں تاکہ صف سیدھی رہےالبتہ مذکورہ شخص کے لیے بہتر یہ ہے کہ وہ صف کے دائیں یا بائیں کنارے پر کرسی رکھ کر نماز پڑھے لیکن اگرصف کے درمیان میں نمازپڑھےتومعذوری کی وجہ سے لوگوں کو اس پر اعتراض نہیں کرنا چاہیے۔ مذکورہ شخص چوں کہ زمین پر سجدہ کرکے نماز پڑھنے پر قادر نہیں ہے اس لیے اس کے لیے بہتر یہی ہے کہ پوری نماز کرسی پر بیٹھ کر پڑھے تاہم قیام اور رکوع کھڑے ہوکر ادا کرنے سے بھی نماز ادا ہوجائے گی ۔