صرف ترجمہ قرآن پڑھنا
سوال:۔میں صرف قرآن کریم کا ترجمہ پڑھتا ہوں ، کیا یہ صحیح ہے؟کیا مجھے اس کا ثواب ملے گا؟مبشر احمد،کراچی
جواب: ۔قرآن مجید کے متعلق ایک مسلمان پر تین فرائض عائد ہوتے ہیں ۔پہلا یہ اس کی درست تلاوت کی جائے پھر اس کا معنی ومطلب سمجھا جائے اورپھر اس پر عمل کی کوشش کی جائے ۔یہ تینوں اسی ترتیب سے مسلمان پر عائد ہوتے ہیں اوران میں یہ ترتیب فطری اورمنطقی ہونے کے ساتھ نزول قرآن کے ساتھ ہم آہنگ بھی ہے ،اس لیے آپ ترجمہ قرآن ضرور پڑھیں اوراس کاثواب بھی ملے گامگر تلاوت قرآن کو نظرانداز نہ کریں کیونکہ تلاوت پہلے ہے اورفہم وتدبرکامرحلہ اس کے بعد ہے۔قرآن کریم صرف معنی کا نہیں بلکہ لفظ اورمعنی دونوں کا نام ہے،اس لیے الفاظ سے بے اعتنائی درست نہیں ۔تلاوت کو غیر اہم سمجھنا بھی درست نہیں ،اس کی اپنی اہمیت اورفضیلت ہے اور قدراہمیت ہے کہ باقاعدہ نبوت کے فرائض میں داخل ہے۔