مسجد کےملبہ کی فروخت
سوال۔ہماری مسجد زیر تعمیر ہے۔پرانی مسجد گرا کر نئے سرے سے تعمیر کی جارہی ہے۔پرانی مسجد کی اشیاء میں سے کچھ چیزیں کارآمد اور کچھ نہیں ہیں،اب ان کا کیا جائے ،کیا کسی دوسری مسجد میں دے دیں ،یا غرباء پر صدقہ کردیں ؟انس عالم صدیقی،حیدرآباد
جواب ۔وہ اشیا ء جو مسجد کی تعمیر میں استعمال ہوتی ہیں جیسے اینٹیں ،سریہ،کھڑکیاں ،گاڈ وغیرہ ،وہ مسجد کا ملبہ کہلاتی ہیں۔ملبہ کے متعلق شریعت کے احکام کاحاصل یہ ہے کہ مسجد کا ملبہ مسجد ہی کی تعمیر میں استعمال کیا جائے۔اگرمسجد کو فی الحال تعمیر کی ضرورت نہ ہویا ملبہ قابل استعمال نہ ہویا ملبہ خاص اس مسجدمیں استعمال کے قابل نہ ہوتو اسےآیندہ کی ضرورت کی خاطر محفوظ رکھ لیاجائے ۔اگر ملبہ کی حفاظت ممکن نہ ہویا حفاظت کے اخراجات ملبہ کی مالیت سے بڑھ جاتےہوں تو اسے فروخت کرکے قیمت کو مسجد کے لیےمحفوظ رکھ لیاجائے۔اگرمسجد میں قیمت کا صرف کرنابھی ممکن نہ ہو تو قریب ترین مسجد میں قیمت استعمال کرلی جائے۔