پکے فرش کو پاک کرنے کا طریقہ



سوال:      اگر پکے فرش پہ نجاست لگ جائے تو اسے پاک کرنے کا کیا طریقہ ہے؟ کیا فرش دھونا پڑے گا یا گیلے کپڑے سے پونچھ دینے سے بھی پاک ہوجائے گا؟

2۔کیا یہ صحیح ہے کہ کسی بھی چیز کو پانی سے اچھی طرح دھونے سے وہ چیز پاک ہوجاتی ہے؟ بہشتی زیور میں لکھا ہے کہ اگر چھری چاقو شیشہ، تانبے، پیتل کی چیزیں اگر ناپاک ہوجائیں تو پاک مٹی سے اچھی طرح مانجھ دینے سے پاک ہو جائیں گی اور اگر نقشی چیزیں ہوں تو پاک نہیں ہوں گی. کیا نقشی چیزیں پانی سے دھونے سے پاک ہوں گی؟

براہ مہربانی میرے اس سوال کا جواب جلدی دینے کی کوشش کیجئے گا میں طہارت کے مسائل کی وجہ سے بہت پریشان ہوں.

جواب:     اگرپکے فرش پرنجاست گرجائے تواس کے پاک کرنے کے تین طریقے ہیں،پہلاطریقہ یہ ہے کہ اگر نجاست پتلی ہوتواس کے خشک ہوجانے اوراثر کے زائل ہوجانے سے وہ فرش پاک ہوجائے گا۔(فتاویٰ ہندیہ،1/44،الباب السابع فی النجاسۃواحکامہ،ط:رشیدیہ)دوسراطریقہ یہ ہے کہ اس پرپانی ڈال کرملنے اورکپڑے سے خشک کرنے سے وہ پاک ہوجائے گا۔تیسراطریقہ یہ ہے کہ بہت زیادہ پانی ڈال کر چھوڑدیں یہاں تک کہ نجاست کی بواوررنگ باقی نہ رہے، پانی خشک ہوجائے تو زمین پاک ہوجائے گی۔

2۔منقش چیزوں میں چونکہ نجاست کے اثرات اس کے مختلف حصوں میں جذب ہوجاتے ہیں اس لیے اسے مٹی سے رگڑنے کے بجائے پانی سے دھوناضروری ہے۔پانی سے دھونے کی صورت میں بہرصورت برتن وغیرہ تمام اشیاء پاک ہوجاتی ہیں ،اس میں شبہ کی ضرورت نہیں۔(حاشیۃ الطحطاوی ،1/163،ط:سعید۔فتاویٰ شامی،3/332،باب الانجاس،سعید)فقط واللہ اعلم