قصاب کا اجرت کے علاوہ چربی وغیرہ کا تقاضا کرنا



سوال ۔قربانی کے موقع پراب کراچی میں دیکھنے میں آیا ہےکہ قصاب حضرات کا معمول بن گیا ہے کہ وہ اجرت کے ساتھ جانور کی چربی اور انتڑیوں کا بھی تقاضا کرتے  ہیں اوراگر نہ دیں تو وہ منہ بناتے ہیں اورکام اچھا نہیں کرتے ہیں  اوراجرت زیادہ مانگتے ہیں ۔اس بارے میں کیا حکم ہے۔؟مہتاب احمد،کراچی
 
جواب۔ اس مسئلہ کی چند صورتیں ہیں۔اگر قصائی سے اجرت طےکرلی اور چربی وغیرہ کے متعلق کچھ گفتگو نہیں اورپھرقصائی کے مانگنے سے یا بن مانگے اسے یہ چیزیں دے دیں تو جائز ہے۔اگرچربی وغیرہ قصائی کو دینا طے قرارپایا مگر اس  کو اجرت کاحصہ نہیں بنایا اور نہ ہی اس کی وجہ سے قصائی سے کوئی رعایت یا زائد خدمت لی تو جائز ہے۔اگر ان چیزوں کے بدلے اجرت کم رکھی اور ایسا باقاعدہ گفتگوکےذریعے طے پایا تو ناجائز ہے کیونکہ قربانی کے کسی حصے کواجرت کا جزء بناناجائز نہیں۔