نبی کریم ﷺ کی طرف سے قربانی کرنا



سوال ۔میں الحمدللہ ہرسال قربانی کرتا ہوں اور ایک قربانی جناب رسالت مآب ﷺ کی طرف سے بھی کرتا ہوں ۔میرے اس عمل کی حقیقت کیا ہے ؟صلاح الدین،یو کے

جواب۔نبی کریم ﷺ نے اپنی امت  کی طرف سے بھی قربانی کی ہے اس لیے احسان شناسی  کا تقاضا ہے کہ امتی بھی  آنحضرت ﷺ کی طرف سے قربانی کرنے کی سعادت حاصل کرے۔حضرت علی رضی اللہ عنہ ہر سال دومینڈھوں کی قربانی کیا کرتے تھے۔ایک حضوراقدس ﷺ کی طرف سے اور دوسری اپنی طرف سے،کسی نے پوچھا :آپ ہر سال دوقربانیاں کیوں کرتے ہیں ؟جواب دیا  کہ مجھے نبی کریم ﷺ نے اس کا حکم دیا ہے،ا س لیے میں یہ عمل کبھی نہیں چھوڑوں گا۔ہمیں اگرچہ آپ ﷺ نے حکم نہیں دیا ہے مگر آپ ﷺ کا منشا معلوم ہوگیا ،اس لیے ہمیں بھی قربانی کرکے آنحضرت ﷺ کو ایصال ثواب کرنا چاہیے۔