نماز کے دوران قطرے آنا
سوال:۔آج کل بواسیر کا مرض عام ہے،اس میں مبتلا کوئی شخص جب حوائج ضروریہ سے فارغ ہوتاہے تو پانی کے قطرے شلوار یا پینٹ پر لگ جاتے ہیں،ایسی صورت میں پاکی اور ناپاکی کے کیا مسائل ہوں گے۔(سرفراز ناز،فیصل آباد)
جواب :- اگر مرض کی نوعیت ایسی ہے کہ وضو کرنے کے بعدفرض نماز پڑھنے تک افاقہ رہتا ہےتو وضو کرکے پاک کپڑے پہن کریا ان ہی کپڑوں کو پاک کرکے نماز پڑھنا ضروری ہے ۔لیکن اگرمرض میں شدت ہے اور نماز کےپورے وقت میں قطرے آتے ہیں یعنی اتنا وقت بھی نہیں ملتا کہ جس میں جلدی سے وضوکرکے فرض نماز پڑھ سکیں تو شرعی معذور ہے ۔معذور کا حکم یہ ہے کہ وہ نماز کا وقت داخل ہوجانے کے بعد جب وضو کرلے تو اس کا وضو وقت ختم ہونے تک باقی رہتا ہےاور اس وضو سے وہ جو نماز چاہے پڑھ سکتا ہے۔نماز کا وقت ختم ہوجانے پر وضو ٹوٹ جاتا ہے اور اگلی نماز کے لئے نیا وضو کرنا ضروری ہوتا ہے ۔بہرحال اگر قطروں کے درمیان وقفہ اتنا ہے کہ اس د وران وضو کرکے نماز پڑھی جاسکتی ہے تو شرعا معذور نہیں بلکہ تندرست شخص کی طرح جب وضو ٹوٹ جائے دوبارہ کرنا ضروری ہے۔(فتاویٰ شامی 1/307۔العنایہ شرح الہدایہ 1/301۔البحر الرائق 1/228۔ تنویر مع الدرر 1/305)