مسجد کے اسپیکر سے گم شدہ بچہ کا اعلان



 سوال :- میرا سوال یہ  ہے کہ اگر کسی کا بچہ یا بچی گم ہوجائےتو اس کا اعلان مسجد میں کرسکتے ہیں یانہیں ؟ کیونکہ ہمارے محلہ کی مسجد  کے امام صاحب  اس قسم کا اعلان نہیں کرنے دیتے ، اب اگر اعلان کرنے سے یہ گم شدہ بچہ یا بچی مل جائے تو یہ بہت بڑی نیکی ہوگی ، اگر اعلان نہیں کیا جاتا تو ہوسکتا ہے  یہ بچہ کسی کے غلط آدمی کے  ہاتھ  لگ جائے وہ اسے غلط کاموں میں استعمال کرے ۔ براہ کرم رہنمائی فرمائیں ( امتیاز احمد شاہدرہ لاہور)

جواب :- مسجد میں گم شدہ چیز کے اعلان  کرنے کے بارے میں حدیث میں ممانعت آئی ہے، چنانچہ حدیث میں ہے کہ "جب کوئی شخص  مسجد میں گم شدہ کا  اعلان کرے تو اس سے یہ کہو کہ اللہ کرے نہ ملے کیونکہ مسجدیں اس کے لیے نہیں بنائیں گئیں " فقہا نے بھی مسجد کے اندر اس قسم کے اعلانا ت کو مکروہ لکھا ہے لیکن انسانی جان کی اہمیت اور  تحفظ واحترام  کی خاطر علماء نے لکھا ہے کہ مائیک اگر مسجد کی حدود  سے باہر ہو تو  گم شدہ بچہ کاا علان مسجد سے کیا جاسکتا ہے۔

( مشکوٰۃ المصابیح ، باب المساجد : 68 ۔ مرقاۃ المفاتیح :2/199۔فتاویٰ شامی: 1/660 ۔ الہندیہ، کتاب الکراہیۃ :5/321)