بیوی کا زیورکاروبار میں استعمال کرنے کاحکم



سوال :- ہماری بہو کو جو  زیور  ان کے والدین نے پہنایا  اور کچھ ہم نے پہنایا اس میں سے بعض زیور تو وہ ہے جو وہ پہنتی ہیں اور بعض  جب  ان کے معاشی حالات تنگ تھے تو  دونو ں میاں بیوی نے  آپس کے مشورہ سے اپنے کاروبار کے سلسلہ میں فروخت کرکے کاروبار میں لگادیا تھا  جس میں بعد میں نقصان ہوا اس سے بنایا ہوا فارم جل گیا اسی طرح ایک بھینس ان لوگوں نے دی تھی وہ بھی فروخت کی اور کاروبار میں لگادیاب کچھ اختلاف کی نوبت آئی  ہے  تولڑکی والے  سب چیزیں  واپس  مانگ رہے ہیں ان کا کہنا ہے کہ وہ جو کچھ تھا اس کو قرض شمار کیا جائے گا  اور جتناسونا تھا وہ سب آج کی قیمت کے حساب سے پیسے ادا کرنے ہوں گے ، میرا بیٹا اپنی بیوی کے ساتھ الگ رہتا ہے ان کا کھانا پینا الگ ہے  جو کچھ بھی انہوں نے کیا  اپنے کاروبار کے لیے کیا  ہمارا اس سے کوئی تعلق نہیں یہ الگ بات ہے کہ نصیب میں خسارہ تھا بچت نہیں ہوئی  براہ کرم آپ بتائیں کہ ان کا یہ مطالبہ کرنا  ٹھیک ہے ؟ اور برادری  پنچائت کے فیصلہ پر ہم  ابھی یہ رقم دینے کے پابند ہوں گے ؟ ( ف، کشمیری )

جواب : بہو نے اپنا زیور اگر کاروبار میں لگانے کےلیے دیا تھااورکاروبار میں نقصان ہوگیا تو اب اسے یا اس کےوالدین کو زیور کی واپسی کا مطالبہ کرنا درست نہیں ہے۔اگر بطور قرض دیا تھا توآپ کا بیٹا اتنا زیور واپس کرنے کاپابند ہے اور اگر بہونے اپنے شوہر کو مدداورتعاون کی غرض سے دیا تھا توزیورشوہر کی ملکیت ہوگیاتھا اس صورت میں بھی زیور کی واپسی کا مطالبہ نہیں کیا جاسکتا۔