تعویذ سے علاج کی شرعی حیثیت
سوال:- تعویذ کے ذریعہ علاج کرانے کی شرعی کیا حیثیت ہے کیا تعویذ جائز ہے بعض علماء بالخصوص سعودی عرب کے سختی کرتے ہیں اور تعویذ سے منع کرتے ہیں اور احادیث بھی پیش کرتے ہیں نیز دم کرنے کا کیا حکم ہے ؟ (راشد کراچی )
جواب:- تعویذ کے ذریعے علاج جائز ہے لیکن چند باتوں کا لحاظ ضروری ہے۔ ایک یہ کہ تعویذ میں جو کچھ لکھا جائے اس کے معنی ٰ معلوم ہوں دوسرایہ کہ اس میں کوئی بات شرکیہ نہ ہو تیسرا یہ کہ تعویذ کو ایک سبب اورتدبیر کے طور پر اختیارکیا جائے اور اسے بذات خود موثر نہ سمجھا جائے۔جن احادیث میں ممانعت آئی ہے ان سے مراد ایساتعویذ ہے جس میں شرکیہ کلمات ہوں یا تعویذ ہی کو موثر حقیقی سمجھا جائے۔دم کرنا بھی جائز ہے،آیات قرآنی سے دم کرناتو خود رسول اللہ ﷺ سے بھی ثابت ہے۔(صحیح مسلم:2/224۔مشکوۃ المصابیح:2/388۔رد المحتار علی الدر 6/363)