وہ چیزیں جن سے وضو ٹوٹ جاتا ہے
سوال :- سلام کے بعد عرض یہ ہےکہ میں نے ابھی کچھ عرصہ قبل نماز کا اہتمام شروع کیا ہے اور ابھی دینی سلسلہ میں ابتدائی معلومات حاصل کرنا چاہتا ہوں مجھے آپ یہ بتادیں کہ وضو کن کن چیزوں سے ٹوٹ جاتا ہے کیا اگر وضو کیا ہو پھر کپڑے تبدیل کرلیں تو وضو ٹوٹ جائے گا ؟ کیونکہ میں نے کسی سے سنا تھا کہ اگر گھٹنے سے اوپر کے کچھ حصہ سے کپڑا ہٹ جائے تو وضو ٹوٹ جاتا ہے براہ کرم وہ بنیادی چیزیں بتادیں جن سے وضو ٹوٹ جاتا ہے ۔( عارف )
جواب :- وہ چیزیں جن سے وضو ٹوٹ جاتا ہے:
۱۔ پاخانہ،پیشاب یا ان دو راستوں میں سے کسی چیز کا نکلنا۔
۲۔ریح یعنی ہوا کا خارج ہونا۔
۳۔ نمازِجنازہ کے علاوہ کسی بھی نماز میں اِتنی زور سے ہنسنا کہ ساتھ والے بھی آواز سُن لیں۔
۴۔ اگرخون یا پیپ، زخم کے اندر سے یا جسم کے کسی بھی حصہ سے نکل کر پھیل جائے یاپٹی میں جذب ہوجائے یاپٹی بندھی ہو،اس پر ظاہرہوجائے ۔
۵۔ اگر دانت میں سے خون نکلے اور تھوکنے کی صورت میں خون تھوک پرغالب ہویعنی تھوک کے رنگ میں سرخی ہو۔
۶۔ کروٹ کے بل سونا۔
۷۔ بیٹھے ہوئے نیند کا ایسا جھونکا آیاکہ گِرپڑاتواگرگِرکرفوراًہی آنکھ کھل گئی تو وضو نہیں ٹوٹااوراگرگِرنے کے ذرادیربعدآنکھ کُھلی تو وضو ٹوٹ گیا۔
۸۔ قَے،جب کہ مُنہ بھرکرآئے کہ روکنے سے نہ رکےتو اس سے بھی وضو ٹوٹ جائے گا۔
باقی جو آپ نے یہ سنا ہے کہ اگر گھٹنے سے اوپر کے کچھ حصہ سے کپڑا ہٹ جائے تو وضو ٹوٹ جاتا ہے یہ ٹھیک نہیں ستر کھلنے سے وضو نہیں ٹوٹتا عوام میں یہ بات غلط مشہور ہے ۔