سجدہ پر قادر نہ ہو تو بیٹھ کر نماز پڑھنا مستحب ہے



سوال :ـ معذور آدمی جماعت کی نماز میں صرف سجدہ  نہیں کرسکتا  مگر رکوع اور قیام پر قادر ہے اور آسانی سے کرسکتا ہے ۔اب وہ کرسی پر بیٹھ کر اس  طرح نماز پڑھتا ہے کہ رکوع اور قیام امام کے ساتھ  کرتا ہے  مگر سجدہ کرسی پر بیٹھ کر امام کے ساتھ اشارے سے کرتا ہے ،اب مسئلہ یہ ہے کہ جب وہ کھڑا ہوتا ہے تو صف سے آگے ہوتا ہے جس کی وجہ سے صف بندی نہیں ہوتی  وہ کوشش کرتاہے کہ  صف کے بالکل آخر میں دائیں یا بائیں  جانب بیٹھے مگر کبھی دیر سویر ہوجاتی ہے جب وہ درمیان میں یا درمیان سے کچھ دائیں بائیں جانب کرسی رکھ لیتا ہے ۔اور مندرجہ بالا طریقہ پر نماز پڑھتا ہے  تو کچھ لوگ اور امام صاحب اعتراض کرتے ہیں کہ صف خراب ہوتی ہےکیا اس وجہ سے گناہ گار ہوگا اب رہنمائی کریں کہ کیا کیاجائے تاکہ لوگوں کے انتشار سے بھی بچ جائے اور نماز بھی احسن طریقہ سے ادا ہوجائے  ( محمد رحیم خان کراچی )

جواب:-جو شخص سجدہ کرنے پر قادر نہ ہو اس کے ذمہ سے قیام ( یعنی کھڑے ہوکر نماز پڑھنا)ساقط ہوجاتا ہے ۔ اب ایسے شخص کو اختیار ہے چاہے نماز بیٹھ کر پڑھےیا کھڑےہو کر پڑھے البتہ مستحب یہ ہے کہ کہ بیٹھ کر نماز پڑھے کیونکہ بیٹھ کر پڑھنے کی حالت میں انسان زمین کے زیادہ نزدیک ہوتا ہے جو سجدہ  کی حالت کے زیادہ قریب ہے لہذا کرسی کو چھوڑ  کر زمین پر بیٹھ کر نماز پڑھے تاکہ لوگوں کے اختلاف  و تشویش سے بھی بچ جائے اور مستحب طریقہ  پر عمل کی فضیلت بھی حاصل ہوجائے  اور رکوع سجدہ اشارہ سے کرے اور سجدہ کےلیے رکوع سے زیادہ جھک جایا کرے۔(فتاوی ٰ ہندیہ 1/136۔ فتاویٰ شامی 2/567)