قرآن ہاتھ میں لے کر بات کہنا قسم نہیں



سوال :- میں نے پوچھنا یہ ہے کہ اگر کوئی شخص قرآن مجیدہاتھ میں لے کر بات کرے اور زبان سے کوئی قسم وغیرہ کے جملے نہ کہے بلکہ صرف اتنا کہےکہ میں قرآن ہاتھ میں لے کر یہ بات کہتا ہوں کہ میں معاملہ ایسے کروں گا تو کیا ان الفاظ سے بھی قسم ہوجائے گی ؟ نیز قسم اگر کوئی انسان پوری نہ کرسکے تو اس کا کیا کفارہ ہے ؟

جواب :- جب تک قسم کے الفاظ نہ کہے صرف قرآن شریف ہاتھ میں لے کر بات کرنے سے تو قسم نہیں ہوتی البتہ حقیر چیزوں اور چھو ٹی چھوٹی باتوں پر قرآن اٹھانا مسلمان کو زیب نہیں دیتا ۔ قسم کا کفارہ یہ ہے کہ دس غریبوں کو دو وقت پیٹ بھر کر کھانا کھلائے یا دس غریبوں کو جوڑے دے ،اگر ان دونوں میں سے کسی چیز کی قدرت نہ ہو تو تین دن لگاتار روزے رکھے بیچ میں ناغہ نہ کرے ،اگر ناغہ کیا توروزے دوبارہ رکھنے ہوں گے ۔ (سورۃ المائدہ 89۔الفتاوی الھندیہ 2/51۔امداد الاحکام 3/40)