حاجی کی آمد پر گھر کو سجانا
سوال:۔ ہمارے ہاں ایک رواج کثرت سے پایا جاتا ہے اور بڑی شد ومد سے اس کا التزام بھی ہوتا ہے کہ حاجی لوگ جب حج سے واپس آتے ہیں تو ان کے استقبال کے لئے نعض لوگ تو ایئر پورٹ تک ان کو لینے جاتے ہیں اور جیسے ہی وہ باہر آتے ہیں تو ان کو پھولوں کے ہار پہناتے ہیں اور ان کو دولہا کی طرح گاڑی میں لاتے ہیں اور ان کے گھر اور گلی کو سجایا جاتا ہے اور شادی کا سا سماں ہوتا ہے اور مبارک باد دینے کیلئے لوگ آتے ہیں کیا ایسا کرنا ٹھیک ہے بعض لوگ کہتے ہیں اس سے اخلاص باقی نہیں رہتا بلکہ حج کا ثواب ضائع ہوجاتا ہے آپ اس سلسلہ میں ہماری رہنمائی فرمائیں ۔ عبدالماجد میر پور خاص
جواب :۔ بلاشبہ حج اسلام کا ایک عظیم الشان رکن ہے اور حج ہی سے ارکان اسلام کی تکمیل ہوتی ہے, جسے اللہ تعالیٰ یہ سعادت سے نوازے اسے بڑی دولت نصیب ہوئی. آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے فرمان سے معلوم ہوتاہے کہ اس کا بدلہ جنت ہے اوروہ گناہوں سے ایسے پاک ہوجاتا ہے جیسے ماں کے پیٹ سے پیدا ہونے والابچہ گناہوں سے پاک پید اہوتا ہے۔بہرحال حاجیوں کا استقبال تو اچھی چیز ہےاور ان سے ملاقات ، مصافحہ اور معانقہ بھی جائز ہے اور ان سے دعا کرانے کا بھی حکم ہے لیکن گلی اور گھر کو سجانا حدود سے تجاوزاوراسراف میں شامل ہے اس لئے اس سے احتراز ضروری ہے۔اس میں اندیشہ یہ بھی ہے کہ حاجی صاحبان کے دل میں عجب پید اہوجائے جس سے حج کا ثواب بھی ضائع ہوجائے گا۔ اتحاف بحوالہ عمدۃ الفقہ ،ج:۴۔ص:۲۰)