مصلی ٰ میں جمعہ اداکرنا



سوال:۔جہاں میں ملازمت کرتاہوں، وہاں مسجد نہیں ہے،صرف نماز کی جگہ مختص ہے ، کیا وہاں پر جمعہ کی نما ز ہو سکتی ہے؟(زبیرخان)

جواب :- جمعہ کے لئے مسجد شرط نہیں ہے  ،مصلی یعنی نماز کے لئے مختص جگہ پر جمعہ پڑھنے سے نماز ہوجائے گی، البتہ مسجد کا ثواب نہیں ملے گا   ۔آفس کے افراد کو چاہیے کہ ہفتہ میں ایک مرتبہ جمعہ کی نماز کے لئے مسجد جانے میں کوتاہی نہ کریں  کیونکہ مصلی میں جمعہ ادا کرنے سے  مسجد اور بڑی جماعت  کے ثواب سے محرومی رہے گی ۔ ( فتاوی عالمگیری 1/148 ، البحر الرائق 2/247)

سوال:۔میں جہاں ملازمت کرتا ہوں،سب آفس میں انفرادی طور پر نماز پڑھتے ہیں،البتہ جمعہ کی نماز کے لیے مسجد جاتے ہیں،آفس میں کوئی مخصوص جگہ نہیں،جہاں اٹھنا بیٹھنا ہے ،وہیں نماز پڑھتے ہیں۔معلوم کرنا ہے کہ اس طرح سے نمازادا ہوجائے گی؟(اویس اشرفی)

جواب :-  فرض نماز کے لئے اصل  جگہ تو مسجد ہے نیز نماز باجماعت  ادا کرنی چاہیے  ،تاہم جگہ اگر پاک ہے تو آفس میں بھی  نماز ہوجائے گی  مگرمسجد کا ثواب نہیں ملے گا اور اگر انفرادی نماز پڑھیں  گے تو جماعت کے  ثواب سے  بھی محرومی ہوگی ،اگر مسجد نہ جاسکیں تو کم از کم اتنا ضرور کرلیں کہ  آفس میں نماز کے لئے  جگہ مختص کریں  تاکہ نماز میں یکسوئی  رہے اورنماز باجماعت بھی ادا کی جاسکے۔