فرض نماز کے بعد اجتماعی دعا



سوال:۔فرض نماز کے بعد جو اجتماعی دعا مانگی جاتی ہے،کیا یہ قرآن وسنت اور حدیث سے ثابت ہے؟(ملک کامران)


جواب:فرض نمازوں کے بعد کے اوقات حدیث شریف کے مطابق قبولیت دعاکے اوقات ہیں۔فرائض کے بعددعاکرنانبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ،صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین اورسلف صالحین سے ثابت ہے۔اس سلسلہ میں کثیراحادیث موجودہیں،محدث العصرمولانامحمدیوسف بنوری رحمہ اللہ نے معارف السنن میں مصنف ابن ابی شیبہ کے حوالہ سے اسودالعامری کی روایت نقل کی ہے وہ فرماتے ہیں کہ میرے والدفرماتے ہیں:’’ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ نمازفجراداکی،آپ نے جب سلام پھیراتوپلٹے اورہاتھ اٹھاکردعافرمائی‘‘۔(معارف السنن،3/125،ط:سعید)اسی طرح کنزالعمال میں حضرت انس رضی اللہ عنہ سے منقول ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا جوبندہ نمازکے بعدہاتھ اٹھاکراللہ تعالیٰ سے دعاکرتاہے اورکہتاہے کہ اے میرے معبود....اللہ تعالیٰ اس کی دعا کوضرورقبول فرماتے ہیں ،اسے خالی ہاتھ واپس نہیں لوٹاتے۔(ایضاً)اس طرح کی روایات فرض نمازوں کے بعدہاتھ اٹھاکراجتماعی دعاکے ثبوت واستحباب کے لیے کافی ہیں۔البتہ اس کوسنت مستمرہ دائمہ کہنا مشکل ہے،اس بناء پراس کو ضروری اورلازم سمجھ کرکرنا،اورنہ کرنے والوں پرطعن وتشنیع کرنادونوں درست نہیں۔