اذان سن کراکیلے نماز پڑھ لینا
سوال:۔ کیا میں ظہر کی نماز اذان سے قبل پڑھ سکتا ہوں۔ ہمارے محلّے سے کچھ دور ایک مسجد میں ظہر کی اذان ایک بجے ہوتی ہے، جب کہ محلّے کے قریب ہی ایک اور مسجد میں اذان سوا ایک بجے ہوتی ہے۔ میرا آفس ٹائم دو بجے ہے، اگر میں ایک بجے کی اذان سن کر نماز ادا کرلیتا ہوں تو اس کے بعد اپنے آفس وقت پر پہنچ سکتا ہوں، جب کہ سوا ایک بجے کی اذان کے بعد اگر نمازِ ظہر ادا کروں تو مجھے آفس میں دیر ہوجاتی ہے۔ اس بارے میں میرے لیے شریعت کا کیا حکم ہے؟(محمد ریحان، کراچی)
جواب:۔نماز تو جب اس کاوقت داخل ہوا اور ادا کرلی جائے تو ادا ہوجاتی ہے، چاہے اذان ہوئی ہو یا نہ ہوئی ہو لیکن قریب یا دور کی اذان سن کر اکیلے نماز پڑھ لینااور جماعت چھوڑنے کی مسلسل عادت بنالینا گناہ ہے۔آپ کوشش کریں کہ جہاں جلد جماعت ہوتی ہو وہاں جماعت سے نماز پڑھنے کے بعد آفس کےلیے نکل جایا کریں۔