مقدس اوراق کو چننے اور سنبھالنے کا حکم



سوال :۔ اللہ کی ذات و صفات میں کسی کو شریک ٹھہرانا، شِرک ہے، جو سب سے بڑا گناہ ہے۔ بعض اشتہارات، پمفلٹ خاص کر اخبارات اور رسائل وغیرہ میں درج اللہ کے پاک نام، اسلامی تعلیمات پر مبنی مضامین اور دینی لٹریچر وغیرہ کوکوڑے، کچرے، غلاظت والی جگہ پر دانستہ پھینک دینا، اس گناہ کا کیا نام ہے؟ یہ شرک سے بڑا ہے یا چھوٹا؟ اس گناہ سے کیسے بچا جائے؟ اس قسم کے کاغذات چُن لینا اور سنبھال لینا کیسا عمل ہے؟ (ولایت حسین، گوجر خان)

جواب:۔دینی مواد پر مشتمل کاغذات کو چن کر سنبھال لینا لائق تحسین عمل ہے۔جو لوگ ایسے مواد کو دانستہ کوڑے کچرے کے ڈھیر میں پھینک دیتے ہیں ان کاعمل سخت برا ہے اوران پر توبہ واستغفار واجب ہے مگر ان کےعمل کو شرک سے بڑا یا اس کے مساوی قرار نہیں دیا جاسکتا۔اس گناہ سے بچنا کا طریقہ یہ ہے کہ جہاں تک ہوسکے ایسے مواد کاادب واحترام ملحوظ رکھا جائےاور اسے تلف کرنے کےلیے دفن کردیا جائےیا سمندر برد کردیا جائے یا دھو کر پانی کسی صاف مقام پر ڈال لیا  جائے۔