امام کا نمازیوں سے بلند جگہ پر کھڑا ہونا



سوال:۔ ہماری مسجد کا برآمدہ اس کے صحن سے چھ انچ اونچا ہے۔ مسجد کے صحن میں پنکھوں کی ترتیب کچھ اس طرح ہے کہ اگر امام صاحب صحن میں کھڑے ہوں تو پہلی صف کے نمازی پنکھوں سے دور ہو نے کی وجہ سے نماز میں دقت محسوس کرتے ہیں،اگر امام صاحب مسجد کے برآمدے میں کھڑے ہوں تو پہلی صف پنکھوں کے نیچے آجانے سے نمازی سکون سے با جماعت نماز پڑھ سکتے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ کیا امام صاحب برآمدے میں (جو کہ صحن سے چھ انچ اونچا ہے) کھڑے ہو کر امامت کرا سکتے ہیں یا نہیں؟اس میں کوئی شرعی عذرمانع ہے؟(شیخ ہارون الرشید،اسلام آباد)


جواب :۔چھ انچ کی بلندی اتنی زیادہ نہیں کہ امام نمازیوں سے نمایاں اور ممتاز معلوم ہو اس لیے امام صاحب صحن سے چھ انچ بلند برآمدے میں کھڑے ہوکرجماعت کراسکتے ہیں،اس میں کراہت نہیں۔(شامی۱؍۶۰۵۔طحطاوی ۱؍۳۴۱۔بدائع ۱؍۲۸۱)