ملازمت کے حصول کے لیے رشوت دینا



سوال:۔ میں نے ماسٹر کیا ہے،نوکری نہیں ہے۔کسی نے مجھے رشوت کے ذریعے نوکری لینے کا کہا ہے۔شرعاً یہ نوکری اور اس کی کمائی حلال ہوگی یانہیں؟ آج کل کے نوجوان اس حوالے سے بہت پریشان ہیں۔کیوں کہ پیسوں کے بغیر نوکری ملنا مشکل ہے۔مجبوری کی صورت میں یہ عمل کیا جاتا ہے۔(زبیر احمد)


جواب:۔اگرکسی شخص کے پاس کسی خاص ملازمت کے لیے مطلوبہ اہلیت وصلاحیت ہے اور وہ مفوضہ ذمہ داریوں کو بھی ٹھیک ٹھاک انجام دیتا ہے مگر اس نے رشوت دے کر ملازمت حاصل کی ہے تو اسے رشوت دینے کاگناہ ہوگا مگر اس کی تنخواہ حلال اور پاک ہوگی اور اگر ملازمت کی اہلیت ہی نہیں یا اہلیت ہے مگر کام نہیں کرتا ہے تو اس کی تنخواہ بھی حلال نہیں۔یہ تفصیل رشوت دینے والے کے متعلق تھی اور لینے والا تو ہر حال میں جہنم کی وعید کا مستحق ہے۔(شامی :۵؍۳۶۲۔اعلا ء السنن ۱۵؍۶۴ ط: ادارۃ القرآن۔مرقات ۷؍۲۴۷ ط:رشیدیہ)