گرین کارڈ کے حصول کے لیے نکاح کرنا



سوال:۔ امریکا آنے کے بعد بہت سے لڑکے چھپ کر کورٹ میرج کرتے ہیں۔مقصد یہ ہوتا ہے کہ کسی نہ کسی طرح گرین کارڈ مل جائے۔انہیں صرف دو تین سال تک رہنا ہوتا ہے،جب تک گرین کارڈ نہ مل جائے۔اس طرح کی شادی میں نہ کوئی اعلان ہوتا ہے اورنہ ہی اسلامی طریقے سے نکاح کا اہتمام کیا جاتا ہے۔اس کے متعلق کیا حکم ہے،کیا یہ جائز ہے؟(اشرف کاظمی،امریکا)


جواب :۔ اگر دو عاقل وبالغ مسلمان مردوں یا ایک مرد اور دو مسلمان عورتوں کے سامنے نکاح کے لیے ایجاب وقبول کرلیا جائے تو نکاح ہوجاتا ہے۔نکاح کا علانیہ ہونااور اس میں خطبہ ہونا اور مسجد میں اور جمعہ کے روز ہونا تو مستحب باتیں ہیں ،ان سے زیادہ ضروری یہ ہے کہ عورت مسلمان ہو یا کتابیہ ہو۔اگر عورت مسلمان یا کتابیہ نہ ہو یا کتابیہ ہو مگراصل سے کتابیہ نہ ہو بلکہ کسی اور غیر آسمانی مذہب مثلا بدھ مت کو چھوڑ کر کتابیہ بنی ہو یا بالکل بددین اور دھریہ ہو اور اپنے مذہبی اصولوں کو نظریے کی حد تک بھی نہ مانتی ہو تو اس سے نکاح ہی جائز نہیں اور ایسے مرد وعورت میاں بیوی بنتے ہی نہیں ہیں۔