قطروں کے مریض کے لیے وضو کا حکم
سوال:۔ میں نے ایک مسئلہ پڑھا تھا کہ اگر ایک شخص کو پیشاب کے قطروں کی بیماری ہو تو بیماری اور معذوری کی حالت میں وہ ایک وقت کی نماز کا وضو کر کے نماز پڑھ سکتا ہے۔ عمرہ یا حج کے موقع پر جب احرام باندھ لیا جائے، تو کیا حکم ہے؟(محمدکامران، نیو یارک)
جواب:۔قطرے اگر رکتے نہ ہوں اور فرض نماز پڑھنے سے پہلے ہی وضو ٹوٹ جاتا ہو تو معذور ہیں۔معذور کا حکم یہ ہے کہ اسے باربار وضو کرنے کی ضرورت نہیں بلکہ ہرنماز کے وقت کے لیے صرف ایک وضو کرلیا کرے۔معذور شخص جس طرح وضو سے نماز پڑھ سکتا ہے اسی طرح طواف بھی کرسکتا ہے۔ اگلے وقت کے لیے پھر نیا وضو کرلیا کرے۔ایسے شخص کو نماز کے لیے صاف کپڑا ساتھ رکھنا چاہیے اور اگر کبھی کپڑا میسر نہ ہو تو جس جگہ کے متعلق ناپاکی اندیشہ ہو اس کو دھو لیا کرے مگر نماز کسی حالت میں نہ چھوڑے ۔