کون سے حیوانات حلال ہیں ؟
سوال:۔کون سے جانور حلال اور کون سے حرام ہیں کیا اس بارے میں آپ تفصیل سے آگاہ کرسکتے ہیں یا اس بارے میں کسی کتاب کی طرف رہنمائی کرسکتے ہیں؟عبدالکریم،کراچی
جواب :۔حیوانات میں سے انسان اپنی حرمت کی وجہ سے اور اس کا فضلہ نجاست کی وجہ سے اور خنزیر نجس العین ہونے کی وجہ سے اور کیڑے مکوڑے خبث کی وجہ سےحرام ہیں البتہ ٹڈی حلال ہے۔دریائی اور سمندری حیوانات میں سوائے مچھلی کے سب حرام ہیں۔جو مچھلی مرکر پانی کے اوپر الٹی تیرنے لگے جسے سمک طافی کہتے ہیں اس کاکھانا بھی حرام ہے۔خشکی کےحیوانات میں سے جو جانور اور پرندے شکار کرکے کھاتے پیتے رہتے ہیں ان کا کھانا جائز نہیں جیسے شیر،بھیڑیا،بلی،کتا،بندر،شکرا ،باز اور گدھ وغیرہ اور جو ایسے نہ ہوں جیسے طوطا،مینا ،فاختہ ،چڑیا،بٹیر ،مرغابی ،کبوتر،نیل گائے،ہرن،بطخ اور خرگوش وغیرہ یہ سب جانور حلال ہیں۔اردو میں اس موضوع پر بہشتی زیور کارسالہ طبی جوہر باوجود مختصر ہونے کے انتہائی جامع اور مفید ہے۔فتاوی دارلعلوم زکریا میں بھی حلال اور حرام جانوروں کی فہرست درج ہے لیکن سب سے زیادہ تفصیلی اور تحقیقی کتاب فاکھۃالبستان فی مسائل ذبح وصید الطیروالحیوان جو شیخ علامہ مخدوم ہاشم سندھی رحمۃ اللہ علیہ کی تصنیف ہے اورحال ہی میں بیروت سے شائع ہوئی ہے۔