اشراق اور چاشت کی نمازوں کے متعلق



سوال:۔ اشراق او رچاشت کی نماز کا طریقہ کیا ہے اور اس کی کتنی رکعات ہیں ،تفصیل بتادیجیے،زہیر ندیم ،ابوظبی

جواب:۔اشراق کی کم از کم دو اور زیادہ سے زیادہ سے چار رکعتیں ہیں اور اس کا افٖضل طریقہ یہ ہے کہ نماز فجر پڑھنے کے بعد اپنی جگہ پر بیٹھا ذکر ،تسبیح ،تلاوت اور تعلیم وتعلم میں مصروف رہے ا ورکوئی دنیوی بات چیت اور دنیوی کام نہ کرے اور جب سورج نکل آئے اور اس کی طرف دیکھنے سے آنکھیں چندھیانے لگیں ،گھڑی کے حساب سے جب فجر کا وقت ختم ہونے کے بعد دس بارہ منٹ گزرجائیں تو دو یا چار رکعت پڑھ لے تو پورے ایک حج کا اور ایک عمرہ کا ثواب ملتا ہے۔چاشت کی نمازکا وقت اشراق کا وقت داخل ہونے کے ساتھ ہی شروع ہوجاتا ہے اور دوپہر تک رہتا ہے۔اس کا افضل وقت یہ ہے کہ ایک چوتھائی دن چڑھنے کے بعد پڑھی جائے،چاشت کی کم سے کم دو رکعت اور زیادہ سے زیادہ بارہ رکعتیں ہیں۔دن میں کاروباری مصروفیت یا ملازمت کی وجہ سے چاشت کا موقع نہ ملے تو اشراق کے وقت ہی چاشت کی نیت سے نوافل پڑھ لینے چاہیے۔