حسبہ کا ادارہ کیا ہے؟



سوال :۔حسبہ کا ادارہ کیا ہے،ایک عالم کے ایک محفل میں اس کے متعلق گفتگو کررہے تھے۔کیا یہ کوئی اہم ادارہ ہے؟عبدالقدوس،کراچی
جواب:۔حسبہ ریاستی سطح کا ایک نگران ادارہ ہوتا ہے جو مذہبی نقطہ نظر سے لوگوں کی سرگرمیوں کی نگرانی کرتا ہے،اس کابنیادی کام امر بالمعروف اور نہی عن المنکر ہوتا ہے یعنی بھلائیوں اور نیکیوں کو ترویج دیتا ہے اور شر کو روکتا اور ختم کرتا ہے۔اس کی اہمیت اتنی زیادہ ہے کہ خود نبی آخر الزماں ﷺ نے اس کی بنیاد رکھی ہے چنانچہ سرکار دوعالم ﷺ بنفس نفیس اس کی ذمہ داریاں ادا فرمایا کرتے تھے۔ مسلم شریف میں ہے کہ ایک مرتبہ آپ ﷺ بازار کے معاینہ کے لیے تشریف لے گئے تو ایک صاحب کو دیکھا کہ گندم کا ڈھیر فروخت کے لیے سامنے لگایا ہوا ہے ۔آنحضرتْ ﷺ نے اس ڈھیری میں ہاتھ ڈالا تو ہاتھوں کو تری محسوس ہوئی،ان صاحب سے پوچھا کہ یہ کیا ؟انہوں نے جواب دیا کہ بارش ہوئی اس لیے گندم بھیگ گیا تھا، اگر اوپر رکھتاتو کوئی نہ خریدتا۔نبی کریم ﷺ نے ان کو تنبیہ فرمائی اور فرمایا کہ جو دھوکہ دے وہ ہم میں سے نہیں ہے۔دور فاروقی میں یہ ادارہ خوب پھیلا اور جابجا محتسب مقرر ہوئے۔یہ سلسلہ اسی طرح چلتا رہا یہاں تک مغل بادشاہ اورنگزیب عالمگیر کی وفات کے ساتھ یہ ادارہ بھی ختم ہوگیا۔حضرت سید احمد شہیدنے جب صوبہ سرحد میں نفاذ شریعت کا اعلان کیا تو یہ ادارہ بھی قائم کیا۔۱۹۵۲ء اور ۱۹۵۴ء کے پاکستان کے آئینی مسودات میں بھی بطور تجویز یہ ادارہ شامل تھا۔کچھ سال پہلے ایم ایم اے کی حکومت نے بھی اس سلسلے کی ایک کوشش کی تھی مگر عدالت عظمی نے اسے مسترد کردیا تھا ۔