اشیاء کےداخلی اور خارجی استعمال کافرق



سوال:میرا سوال یہ ہے کہ کون سی چیزیں کھاسکتے ہیں اور کون سی نہیں اور کن چیزوں کو بیرونی جسم پر استعمال کرسکتے ہیں اور کن چیزوں کو نہیں؟عبدالمجید،آزاد کشمیر

جواب :۔شریعت  اشیاء کےداخلی اور خارجی استعمال میں فرق کرتی ہے۔

(1)      نجس العین کا داخلی اور خارجی استعمال ناجائز ہے۔

(2)      متنجس  یعنی جو چیز ناپاکی ملنے کی وجہ سے ناپاک ہوئی ہو اس کا خارجی استعمال جائز ہے بشرطیکہ نجاست غالب نہ ہواور اگر نجاست کا غلبہ ہو تو وہ نجس العین کےحکم میں ہے۔

(3)      جو چیز سیال نہ ہو اور نشہ آور ہو جیسے افیون اور بھنگ وغیرہ اس کی اتنا مقدار کھالینا جو نشہ نہ کرے اور مقصد لہو ولعب نہ ہوجائز ہے اور اس دوا کا لگانا بھی جائز ہے جس میں یہ چیزیں شامل ہوں اور اتنا کھانا کہ نشہ ہوجائے حرام ہے۔

(4)      چارحرام شرابوں کے علاوہ اور شرابوں کا خارجی استعمال جائز ہے اور داخلی استعمال بھی کسی معتد بہ غرض کے لیے جائز ہے۔

(5)      جمادات اور نباتات کا خارجی استعمال جائز ہے۔

(6)      حشرات الارض کا خارجی استعمال جائز ہے۔

(7)      غیر ماکول اللحم جانور بھی اگر ذبح کردیا جائے تو پاک ہوجانے کی وجہ سے اس کا خارجی استعمال جائز ہوجاتا ہے البتہ خنزیر اس قاعدہ سے مستثنی ٰ ہے۔

(8)      مردار کے بعض اعضاء جیسے بال،ہڈی،ناخن وغیرہ کا بھی بیرونی استعمال جائز ہے،اسی طرح مردار کی کھال اور آنتوں اور جھلیوں وغیرہ کا دباغت کے بعد خارجی استعمال جائز ہے۔

(9)      حلال جانور اگر مرجائے تو اس کے تھنوں کا دودھ پاک اور حلال ہے۔

(10)    حرام جانور جو دم سائل رکھتا ہو وہ اگر چہ ذبح سے پاک ہوجاتا ہے مگر اس کا انڈا پھر بھی ناپاک رہتا ہے۔

             جو چیز ناپاک ہے اس کا کھانا حرام ہے مگر جو پاک ہے ضروری نہیں کہ اس کا کھانا حلال ہو ۔بنابر ایں:درج ذیل اشیاء پاک ہیں اس لیےان کا بیرونی استعمال جائز ہے مگر حرام بھی ہیں اس لیے  ان کا کھانا حلال نہیں:

(1)      مچھلی کے علاوہ  پانی کے تمام حیوانات اور ان کے اجزاء

(2)      کیڑے مکوڑے

(3)      خشکی کے وہ تمام جانور جن میں دم سائل نہ ہو

(4)      وہ تمام جانور جن کو شرعی ذبح کیاجائے ان کے تمام اعضاء سوا دم مسفوح کے سب پاک ہوجاتے ہیں۔

(5)      مردار کے بال،ناخن ،سینگ،پر  وغیرہ

(6)      مردار کی کھال اور اعضاء جلدی جیسے مثانہ اوجھ،پتہ،پوست،سنگدانہ وغیرہ دباغت سے پاک ہوجاتے ہیں۔

(7)      سانپ اور چھپکلی جب کہ بالشت بھر سے چھوٹے ہوں۔

(8)      وہ غیر مسفوح خون جو رگوں ،گوشت یا جلد میں رہ جائے۔

(9)      حلال پرندوں کے فضلات

(10)    ایسے حیوانات کا فضلہ جس سے احتراز بہت مشکل ہو اور اس میں عموم بلوی ہو جیسے مکھی کی بیٹ اور ریشم کے کیڑے کا فضلہ

(11)    حلال پرندوں کا لعاب،پسینہ اور میل

(12)    انسان کا لعاب،پسینہ،میل،آنسو اور قے قلیل

(13)    کیڑوں کا لعاب جن سے گھن نہ آتی ہو

(14)    جامد شی بقدر نشہ

(15)    نباتات  بقدر نشہ

(16)    غیر ماکول زندہ جانور سے الگ کیا ہوا ایسا عضو جس میں حس نہ ہو

(17)    الکحل جوانگور وکھجور کے علاوہ کسی اور شئ سے کشید کیا گیا  ہو۔

(18)    عورت کا دودھ علاوہ شیرخوار کے کسی اور کے لیے،

(19)    ذبح کے بعد جو خون رگوں اور جلد میں رہ جاتا ہے وہ بھی پاک ہے مگر حلال نہیں۔