ضرورت مندرقم لے کر کسی اور مصرف میں خرچ کردے
سوال:۔ہمارے ایک دوست کا بڑا اچھا کاروبار تھا مگر پھر ان کو پے درپے کئی نقصان ہوئے جس سے وہ بالکل ٹوٹ گئے اور نوبت یہاں تک پہنچی کہ ذاتی گھر فروخت کرکے کرایہ کے مکان میں انہیں منتقل ہونا پڑا۔ایک مرتبہ وہ میرے پاس آئے اور کہا کہ فلاں شخص بہت سختی کے ساتھ اپنی رقم کا مطالبہ کررہا ہے لہذا آپ میرے ساتھ تعاون کریں میں نے حسب توفیق ان کو کچھ رقم دی مگر اب معلوم یہ ہوا کہ جس شخص کا کہہ کر انہوں نے مجھ سے رقم لی تھی انہوں نے اس شخص کو رقم ادا نہیں کی تو کیا میں ان سے اپنی رقم کا مطالبہ کرسکتا ہوں؟شعیب احمد رحیم یار خان
جواب:۔جو رقم بطور تعاون اور مدد کے آپ نے ان صاحب کو دی تھی اب آپ کو اس کے مطالبہ کا حق نہیں کیونکہ وہ رقم ان کی ہوچکی تھی۔مالک ہونے کے بعد ان صاحب نے اگر رقم کسی اور ضرورت میں لگادی ہے تو وہ اس کے مجاز تھے کیونکہ مالک تھے البتہ اگر انہوں نے کسی معقول عذر کے بغیر وہ رقم کسی دوسری ضرورت میں لگائی ہے تو وعدہ خلافی کی ہے اور گناہ گار ہوئے ہیں۔