قیمت خرید سے زیادہ کا بل بناکر دینا
سوال:ہمارا کام سنیٹری کا ہے بعض لوگ جب ہم سے خریداری کرتے ہیں تو ہزار کا سامان لے کر بارہ سو روپے کی رسید بنانے کا کہتے ہیں اور اگر ہم نہ بنائیں تو آیندہ ہم سے نہیں خریدتے ہیں کیا ہم انہیں خریداری سے زیادہ کا بل بناکر دے سکتے ہیں؟(احمد علی کراچی)
جواب:گاہگ نہ ٹوٹے اس خیال سے خود گناہ کرنا اور دوسرے کے ساتھ گناہ میں تعاون کرنا درست نہیں۔گاہک کی فرمائش پر قیمت خرید سے زیادہ کا بل بنا نا جھوٹ اور غلط بیانی ہے اور جو لوگ اس طرح کا بل بنانے کا تقاضا کرتے ہیں وہ دوسروں کو دھوکہ دے کر اصل سے زیادہ وصول کرتے ہیں ،اس لیے جھوٹ اور گناہ کے کام میں تعاون کی وجہ سے قیمت خرید سے زیادہ کا بل بناکر دینا جائز نہیں ہے۔