عقیقہ کا اسلامی طریقہ کیا ہے
سوال:۔عقیقہ کا اسلامی طریقہ کیا ہے؟کیا عیدقربان کے جانور پر ایک یا دو حصے عقیقے کی نیت سے لے سکتے ہیں؟نیز بچے کے بالوں کے وزن کے برابر چاندنی کا پیسہ عقیقے کے بعد کب تک دے سکتے ہیں؟(زریاب دانش،کراچی)
جواب:عقیقہ کا طریقہ یہ ہے کہ بچے کی پیدائش کے ساتویں روز بچے کے سر کے بال اتاریں جائیں اور ان کے وزن کے برابر چاندی صدقہ کردی جائے،اسی دن بچے کا نام درکھ لیا جائے اور اگر لڑکا ہے تو دوبکرے اور لڑکی ہے تو ایک بکرا ذبح کردیا جائے۔جانور اس طرح کا ہو جس طرح کا قربانی کا ہوتا ہے اور اگر قربانی کے جانور میں عقیقہ کے ایک یا دو حصے رکھیں تو بھی جائز ہے ۔جس دن بچے کی ولادت ہوئی ہو اس سے ایک دن پہلے بچے کا ساتواں روز ہوتا ہے مثلا بدھ کو بچہ پیدا ہوا تو منگل ساتواں پڑتا ہے اور اسی روز عقیقہ کرنا چاہیے،اگر ساتویں دن عقیقہ نہ کرسکیں تو پھر چودھویں دن کرلینا چاہیے مگر فقہاء کے ایک گروہ کا فرمانا ہے کہ ساتویں دن کے بعد عقیقہ کی وہ اہمیت اور حیثیت باقی نہیں رہ جاتی۔آج کل لوگ بڑی عمر کے لڑکوں اور لڑکیوں کا بھی عقیقہ کرتے ہیں حالانکہ اس کی ضرورت نہیں اور نہ ہی ان کے بال اتارنے کی ضرورت ہے۔