قیمت وصول نہ ہونے پر یکطرفہ طور پر بیع فسخ کرنا



سوال:میں نے اپنا مکان فروخت کیا تھا اور ٹوکن منی بھی وصول کی مگر قیمت کی ادائیگی کے لیے جو وقت مقرر ہوا تھا وہ گزرنے کے باوجود خریدار نے قیمت اد انہیں کی ،اب میں یہ سودا ختم کرنا چاہتا ہوں مگر وہ صاحب تیار نہیں ہیں جب کہ مجھے رقم کی ضرورت ہے،ایسی صورت میں مرے لیے کیا حکم ہے؟(علیم الدین،کراچی)

جواب:اگر معاہدے میں اس طرح کی کوئی شرط شامل نہیں تھی کہ اگر خریدار نے بروقت قیمت ادا نہ کی تو معاہدہ ختم سمجھا جائے گا تو اب آپ یا خریدار یکطرفہ طور پر اس معاہدے کو ختم نہیں کرسکتے۔آپ کو اختیار ہے کہ چاہیں تو قیمت کی وصولی کے لیے خریدار کے خلاف دعوی کریں اور اسے بزور عدالت قیمت کی ادائیگی کے لیے مجبور کریں یا پھر اصل قیمت پر اقالہ کرنے کے لیے اسے راضی کریں۔مارکیٹ کے اصول کے مطابق بیعانہ ضبط کرنا اور یکطرفہ طور بیع منسوخ کرنا جائز نہیں ۔اگر معاہدے میں یہ شرط تھی کہ مقررہ مدت میں قیمت ادا نہ ہونے کی صورت میں معاہدہ ختم ہوجائے گا تو اب دونوں فریقوں پرضروری ہے کہ وہ اس معاہدے کو ختم کرکے اس سے نکل آئیں۔