نقصان میں شرکت کے بغیر کاروبار کا حکم



سوال:میرے ایک دوست باہر سے مال منگواتے ہیں اور فروخت کرتے ہیں اب ان کو کچھ مال منگوانا ہے اور پیسوں کی ضرورت ہے انہوں نے مجھ سے رقم کا تقاضا کیا ہے کہ میں انوسمنٹ کروں جو نفع ہوگا اس کا وہ مجھے چالیس فیصد دیں گے اور جب مجھے رقم نکال ہوگی تو میں ان کو دو مہینے پہلے نوٹس دوں گااور مجھے میری رقم واپس مل جائے گی،ان کے مطابق کاروبار میں بظاہر نقصان کا چانس نہیں ہے اور اگر ہوگیا تو میری رقم محفوظ ہوگی اور پوری رقم واپس کرنے وہ پابند ہوں گے۔کیا اس طریقہ سے نفع حلال ہے؟(محمد عثمان منڈی بہاؤالدین)


جواب:اس کاروبار میں ایک خامی ہے وہ یہ کہ آپ نقصان اٹھانے کے لیے تیار نہیں ہیں اور آپ کا دوست بھی آپ کو نقصان نہ ہونے کی ضمانت دے رہا ہے حالانکہ جس طرح آپ نفع میں شریک ہیں اس طرح آپ کو نقصان کا خطرہ بھی اٹھانا چاہیے ۔محنت آپ کے ذمہ نہیں اور اگر آپ سرمایہ کا نقصان برداشت کا رسک بھی نہیں اٹھائیں گے تو نفع آپ کے کیسے حلال ہوگا؟ اگر آپ کا دوست معاہدے کا لحاظ رکھتے ہوئے ،دیانت کے ساتھ کاروبار کے عام اصولوں کے مطابق تجارت کرے اور پھر کوئی نقصان ہوجائے تو آپ کو سرمایہ کا نقصان برداشت کرنا ہوگا اور آپ کے دوست کی محنت رائیگاں جائے گی ۔لہذا معاہدے میں شامل اس خلاف شریعت شق کو ختم کیجیے اس کے بعد کاروبار درست اور نفع حلال ہوگا۔