قطروں کا مریض نماز کیسے پڑھے؟



سوال:۔مجھے کافی عرصے سے پیشاب کے قطروں کا مسئلہ ہے۔وضو کے بعد بھی قطرے جاری رہتے ہیں۔اس حالت میں میری نمازیں قبول ہوں گی یا نہیں؟(عبدالباسط،آزاد کشمیر)

جواب:...پیشاب کے قطرے اگر کچھ دیر بعد رک جاتے ہیں تو کپڑا دھوکر اور دوبارہ وضو کرکے نماز پڑھ لیا کریں اور اگر قطرے مسلسل آتے رہتے ہیں اور نماز کے پورے وقت میں صرف فرض نماز بھی اس عذر کے بغیر نہیں پڑھ سکتے تو پھرشرعا معذور ہیں۔معذور کا حکم یہ ہے کہ وہ ہر نماز کے وقت کے لیے وضو کرتا ہے اور جب تک نماز کا وقت رہتا ہے اس کا وضو قائم سمجھا جاتا ہے اور جب نماز کا وقت نکل جاتا ہے تو اس کا وضو بھی ختم ہوجا تا ہے۔وقت کے اندر معذور شخص اس ایک وضو سے جتنی چاہے اور جو نماز چاہے پڑھ سکتا ہے اور قرآن کریم کی تلاوت بھی کرسکتاہے۔کپڑا ناپاک ہونے کے بعد اسے دھو لیا کریں اور زیادہ بہتر ہوگا کہ آپ نماز کے لیے ایک علیحدہ جوڑا رکھ لیں۔اس تفصیل کے مطابق آپ نماز پڑھیں تو فریضہ بھی ادا ہوگا اور اجروثواب بھی ملے گا۔شامی۱؍۳۰۵ ط:ایچ ایم سعید کراچی