بلا محرم سفر حج وعمرہ



سوال:۔کیا حج اور عمرہ کے لیے عورت کا محرم ہونا ضروری ہے ؟اگر محرم ساتھ نہ ہو تو اس کا حج اورعمرہ قبول ہوگا یا نہیں؟

(اصغرعلی،فیصل آباد)

جواب:عورت کے ساتھ سفر حج و عمرہ میں محرم کا ہونا ضروری ہے ۔ اگر مالدار عورت ہے اور اسے محرم میسر نہیں یا محرم میسر ہے مگر اس کے اخراجات نہیں اٹھا سکتی تو وہ محرم کے میسر ہونے یا اس کے اخراجات کا بندوبست ہونے تک انتظار کرتی رہے،اگر زندگی بھر محرم میسر نہ ہوسکے تو حج بدل کی وصیت کرجائے۔اگر بلا محرم حج یا عمرہ کرے گی تو حج یا عمرہ اد اہوجائے گا کیونکہ ادائیگی کا تعلق توارکان اور شرائط کی ادائیگی کے ساتھ ہے مگر بغیر محرم سفر کی وجہ سے گناہ گار ہوگی جس کا کفارہ توبہ واستغفار کی صورت میں ادا کرنا ہوگا۔حق تعالی کسی عمل کو شرف قبولیت سے نوازدیں اس کے لیے ضروری ہے کہ انسان گناہ کا کام نہ کرے جب کہ حج کے سفر میں تو بطور خاص گناہ سے بچنے کی تاکید ہے اور گناہ کی نحوست سے حج مبرور نہیں رہتا۔