مسجد کے اندر نماز جنازہ



سوال:۔شرعی طور پر مسجد کے اندر نماز جنازہ پڑھایا جاسکتا ہے یا نہیں؟جب کہ مسجد کے احاطے میں صحن کی بھی سہولت ہے۔(محمد اسلم اعوان،لاہور)

جواب: جنازہ کی نماز جنازہ گاہ میں پڑھنی چاہیے۔ حدیث شریف میں ہے کہ جو شخص مسجد میں نمازجنازہ ادا کرے اسے اجر نہیں ملے گا، صحیح بخاری اور صحیح مسلم کی روایت ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے نجاشی کی موت کی خبر سنائی ، پھر صحابہ کو لے کر مسجد نبوی سے باہر تشریف لائے اور مسجدکے قریب ہی نمازجنازہ کے لیے جو جگہ مخصوص تھی وہاں پر صف بستہ نماز پڑھائی، مسلم شریف کی ایک اور روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ میں جنازے مسجد میں نہیں لائے جاتے تھے۔ان روایا ت کے پیش نظر فقہاء کرام لکھتے ہیں کہ

مسجد میں نماز جنازہ پڑھنا مکروہ ہے خواہ جنازہ مسجد میں رکھا ہو یا میت باہرہو اور نمازی مسجد کے اندر ہوںیا صورت یہ ہو کہ کچھ لوگ میت کے ساتھ باہر کھڑے ہوں اور باقی لوگ مسجد میں صفیں بناکر نمازجنازہ پڑھیں ،یہ تمام ہی صورتیں مکروہ ہیں لہذاکوئی شرعی عذر نہ ہو جیسے بارش وغیرہ تو مسجد میں جنازہ کی نماز نہیں پڑھنی چاہیے خصوصا جب کہ جنازہ گاہ کی سہولت قریب ہی موجود ہو۔