اقرار ولدیت کی شرائط



سوال:۔ایک شخص ایک اجنبی لڑکے کو اپنا حقیقی بیٹاکہتا ہے اور وہ لڑکا انکار بھی نہیں کرتا ہے،جب کہ اس سے پہلے یہ بات اس کے خاندان والوں اور دوستوں کو معلوم نہیں تھی تو کیا کسی ایسے لڑکے کو اپنا بیٹا کہنے سے وہ لڑکا اس شخص کا بیٹا ہوجائے گا؟(شفیق احمد،کراچی)

جواب:۔شرعی لحاظ سے اس طرح کا اقرار ولدیت چند شرائط کے ساتھ مشروط ہوتا ہے۔وہ شرطیں یہ ہیں:دونوں کی عمریں ایسی ہوں کہ اقرار کرنے والا اس بچے کا باپ ہوسکتا ہو۔بچہ کا نسب مجہول ہو۔اقرار متنازع نہ ہو یعنی کوئی اوربھی اس بچے کی ولدیت کا اقرار نہ کرتا ہو۔ولدیت کا اقرار زنا کی تصریح کے ساتھ نہ ہو۔کوئی ایسا منفی قرینہ قائم نہ ہو جس سے ثابت ہوتا ہو کہ مذکورہ بچہ اقرار کرنے والے کی جائز اولاد نہیں ہوسکتا۔اگر بچہ سمجھ دار ہو تو اس نے اقرار کو مسترد نہ کیا ہو۔اگر یہ شرطیں پوری ہیں تو مذکورہ شخص کا اقرار درست ہے اور بچہ کا نسب اس سے ثابت ہے اور نسبی قرابت کی وجہ سے جوذمہ داریاں پیدا ہوتی ہیں وہ دونوں پر عائد ہیں اور جو حقوق پیدا ہوتے ہیں وہ دونوں کو حاصل ہیں۔